کراچی(این این آئی) گستاخانہ خاکوں کے خلاف سندھ تاجر اتحاد کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ،تاجر رہنماؤں کی بڑی تعداد میںشرکت،کاروباری افراد کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان،تاجروں نے مصنوعات کو نذرآتش کردیا،حکومت فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرے،چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ کا مظاہرے سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے
خلاف سندھ تاجر اتحاد کی جانب سے گز شتہ روزاحتجاجی مظاہرہ میٹھادر چوک پر کیا گیا۔اس موقع پر تاجروں نے ٹاور سے بولٹن مارکیٹ تک ریلی نکالی اور فرانس کے صدر کاپتلا اور ان کی مصنوعات کو نذر آتش کیا ۔اس موقع پر سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کی جانب سے مظاہرے کی قیادت کی گئی۔ مظاہرے میں کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان،جنرل سیکریٹری ناصر ترک،نائب صدر سلیم میمن،آل کراچی انجمن تاجران کے صدر الیاس میمن،نائب صدر عبدالصمد خان،سندھ تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین کاشف صابرانی،جنرل سیکریٹری مقصود احمد،سلیم راجپوت،عبدالغنی میمن،محمد ارشد خان،محمد نعیم خان،سلطان خان،زاہد بھائی،مرزا صادق بیگ،محمد سلیم بٹلا،آفرین صدیقی،محمد یحییٰ،گلشن اقبال سے اسحاق شیخ،راجو بھائی،شبیر احمد،محمد ذکی،محمد انور محمد خان اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری تمام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتی ہے اور دکاندار فرانسیسی مصنوعات نذر آتش کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نبیؐ سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ،ہمارا سب کچھ ان کے نام پر قربان ہے، گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے دنیا بھر میں موجود ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور فرانس کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کیا جارہا ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں پاکستان سے فرانس کے سفیر کو نکال دیا جائے اور فرانس میں موجود پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے اور فرانس سے سفارتی تعلقات کو ختم کیا جائے۔