تلہار(این این آئی)کورونا وائرس کے باعث سندھ میں مویشی منڈیاں بند ہونے سے گوشت کی قیمت میں اضافہ ہوگیا جبکہ گوشت کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، مویشی منڈیوں میں کاروبار کرنے والے بھی فاقہ کشی کا شکار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں سندھ بھر میں لاک ڈاون ہے،
وہاں مویشی منڈیوں کو بھی بند کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گائے اور بکرے کے گوشت کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جبکہ بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، تلہار سمیت ضلع بدین کے مختلف شہروں میں اس وقت گائے کا گوشت 500 روپے سے 600 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ بکرے کا گوشت 1200 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، قصابوں کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیاں بند ہونے کی وجہ سے مویشی کا ملنا مشکل ہو گیا ہے، مختلف دیہات سے مہنگے داموں مویشی خرید کرتے ہیں، کیونکہ ہمارے ریگیولر گاہکوں کو گوشت کی فراہمی یقینی بنانی ہوتی ہے، دوسری جانب لاک ڈاون اور مویشی منڈیاں بند ہونے سے مویشی منڈی میں کاروبار کرنے والے سیکڑوں افراد جن میں ہوٹلوں کے مزدور، بریانی فروخت کرنے والے، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے اور دودھ فروخت کرنے والے شامل ہیں، وہ بھی بیروزگار ہو گئے ہیں، اور معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔