اسلام آباد (این این آئی)ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے کہاہے کہ دو تین ماہ میں ہم نے کوالٹی کنٹرول سخت کیا ہے اب کہیں پر بھی کوالٹی کی شکایت نہیں ہے، اشیائے خوردونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، اشیائے خوردونوش کے طے شدہ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے یوٹیلٹی سٹورز میں پرائس مجسٹریٹ نگرانی کریں گے۔
ایک انٹرویو میں ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے کہا کہ 4 ہزار یوسی لیول پر یوٹیلٹی اسٹورز ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں، ان کی قیمتیں پرانی ہیں اور کو ئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ عمر لودھی نے کہاکہ رمضان میں بھی ہماری کوشش ہوگی کہ موجودہ قیمتیں برقرار رہیں۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے لئے سبسڈی والے نرخوں پر معیاری اور مناسب اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک کے یوٹیلٹی سٹورز کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے جہاں عام لوگوں کی سہولت کیلئے مطلوبہ سٹاک دستیاب ہیں۔