کراچی(این این آئی)پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کوبھی شدید مندی رہی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرگیا اور مزید400.49پوائنٹس کی کمی سے41898.70پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیاجب کہ 66.85فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گر گئیں جس سے سرمایہ کار وں کو56ارب 88کروڑ10لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم کاروباری حجم منگل کی نسبت 4.30فی صدزائدرہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس 42429پوائنٹس کی بلند سطح پر دیکھا گیا تا ہم بعد ازاں سرمایہ کار حصص فروخت کو ترجیع دینے لگے جس کے نتیجے میں انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے41790پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں 41800کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس400.49پوائنٹس کی کمی سے41898.70پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس198.45پوائنٹس کی کمی سے19393پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس210.55پوائنٹس کی کمی سے29135.34پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر353کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے106کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ236میں کمی اور11میں استحکام رہا۔ بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں کم ہونے کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 56ارب 88کروڑ10لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر78کھرب 71ارب22کروڑ75لاکھ روپے ہوگیا۔بدھ کو19کروڑ71لاکھ37ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جومنگل کی نسبت 81لاکھ34ہزار شیئرززائد ہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے انڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت 26.23روپے کے اضافے سے بڑھ کر503.23روپے اورسروس انڈسٹریز کے حصص 22.23روپے کے اضافے سے902.23روپے ہوگئی جب کہ سیمنس پاک اور ارکروماکے حصص کی قیمتوں میں باترتیب 35.97روپے اور34.92روپے کی کمی ہوئی جس سے سیمنس کے حصص کی قیمت 618.03روپے اورارک روماکے حصص کی قیمت 600.08روپے ہوگئی۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام،ہیسکول پٹرول،میپل لیف،کے الیکٹرک،فوجی فرٹیلائزر،بینک آف پنجاب،پاک الیکٹران،یونٹی فوڈز، انٹر اسٹیل اور ایونشن کے شیئرز نمایاں رہے۔