لاہور(این این آئی)پاکستان میں تعینا ت اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹیکورون نے کہا ہے کہ پاکستان بہتری کی طرف جا رہا ہے،پاکستان اور اٹلی کے مابین دوستانہ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات ہیں جس سے دو طرفہ تجارت کو تین ارب ڈالر تک بڑھانے میں مدد ملی ہے،اٹلی پاکستان کے ساتھ مل کر ٹریننگ سینٹر قائم کر رہا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن اور پاکستان
فٹ وئیر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹرلاہور میں تین روزہ پاکستان میگا لیدر شو کا افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ افضال حسین، پاکستان فٹ وئیر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد یونس، کنوینر پاکستان میگا لیدر شو منصور احسان شیخ، زاہد حسین، آغا سیدین، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کے عہدیداروں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔پاکستان میگا لیدر شو میں ملکی اور غیر ملک کمپنیوں نے چمڑے کی مصنوعات، فٹ وئیر، گارمنٹس اور دیگر اشیا کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹیکورون نے مزید کہاکہ میگا شو پاکستان کی اعلی مصنوعات کی عکاسی کر رہا ہے،پاکستان میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ مل کر ویلو ایڈڈ کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی ثقافت، کلچر، سیاحت دنیا بھر میں مشہور ہے، یہاں کے کے کھانے بہت پسند ہیں۔اس موقع پر اٹلی کے سفیر نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔