لاہور( این این آئی )سپر سٹورز ایسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ہڑتال کر کے حکومتی نرخوں پر آٹا، چینی، چاول، دالیں اور سبزیاں فروخت کرنے سے انکار کر تے ہوئے ریکس کو خالی کر دیا ، ایسوسی ایشن کے فیصلے کے بعد صوبائی دارالحکومت کے 200سے زائد سپر سٹورز پر آٹا، چینی، دالیں، چاول اور سبزیاں نایاب ہو گئیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر احمد نواز چوہدری ،جنرل سیکرٹری
محمد عمران سلیمی اور نائب صدر مردان علی زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ متعدد بار مذاکرات ہوئے لیکن مسائل حل نہیں کئے گئے،پرائس کنٹرول کمیٹی میں سپر سٹورز ایسوسی ایشن کی نمائندگی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چینی کا ہول سیل میں ریٹ76 روپے فی کلو تک جا چکا ہے ہم 85 روپے تک چینی فروخت کر سکیں گے،ہم اپنا منافع نہیں چاہتے لیکن خرید کی قیمت اور اخراجات کی ادائیگی کی جائے۔دال چنا ہول سیل میں150 روپے اوردال مسور 190 روپے فی کلو خرید رہے ہیں۔یوٹیلیٹی سٹور زپردال چنا 162 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ ہمیں 104 روپے میں فروخت کرنے کا کہا جا رہا ہے۔سرخ مرچ 500روپے فی کلو خرید کر رہے ہیں لیکن ہمیں 350روپے فی کلو میں فروخت پر مجبور کیا جارہا ہے ۔۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہم پانچ فیصد مارجن پر اشیا ء فروخت کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن حکومتی نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے اس وقت تک ہماری ہڑتال جاری رہے گی۔