کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت کے قرضے 32ہزار 130ارب روپے سے تجاوز کر گئے، پی ٹی آئی نے سوا سال میں حکومتی قرضوں میں 7 ہزار 400 ارب روپے کا اضافہ کیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر کے اختتام پر وفاقی حکومت کے قرضوں کا
مجموعی حجم 321 کھرب 30 ارب 60 کروڑ روپے رہا، 15 ماہ کے دوران قرضوں میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، وفاقی حکومت کے قرضوں میں ستمبر 2018 سے نومبر 2019 تک مجموعی طور پر 73 کھرب 98 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے قرضوں میں ملکی ذرائع سے لیے گئے قرضوں کا حجم 214 کھرب 10 ارب 40 کروڑ روپے ہے۔15 ماہ کے دوران وفاقی حکومت نے ملکی ذرائع سے 46 کھرب 20 ارب 40 کروڑ روپے کے نئے قرضے لیے جبکہ حکومت کے بیرونی قرضے 107 کھرب 20 ارب 20 کروڑ روپے ہیں، سوا سال ماہ میں ان میں 27 کھرب 78 ارب 30 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا تاہم وفاقی حکومت کے بیرونی قرضوں میں مرکزی بینک کے پاس ڈپازٹس میں موجود دوست ممالک کے ساڑھے پانچ ارب ڈالر اور آئی ایم ایف سے بیلنس آف پیمنٹ کے لیے اب تک لیا گیا ایک ارب 44 کروڑ ڈالر کا قرض شامل نہیں۔ ان کو حکومت اسٹیٹ بینک کا قرض اور واجبات شمار کرتی ہے۔