لاہور( این این آئی )پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت نے پرانا قرضہ واپس کرنے کے لئے مارکیٹ سے309ارب کا نیا قرض لے لیا ہے ، حکومت کس کو بے وقوف بنانا چاہتی ہے، ایک طرف حکومت معاشی خوشحالی کے خواب دکھا رہی ہے تو دوسری طرف قرض لینے کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ
حکومت قرض اتارنے کے لئے مزید قرضہ لینے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مصنوعی طریقہ سے اضافہ جیسا گھنائونا کھیل کھیل رہی ہے ، اس خطر ناک کھیل سے معاشی صورت حال انتہائی خراب ہوچکی ہے اور ملک میں معاشی بحران عروج پر پہنچ چکا ہے ، معاشی توازن بگڑ چکا ہے جس کے ذمہ دار حکمران ہیں،حکمرانوں نے کوئی ایسا مثبت قدم نہیں اٹھایا جس سے معاشی صورت حال بہتر ہوسکے ، ہر طرف افراتفری کی صورت حال ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت میں شامل افراد ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں، عدم اعتماد کی فضا ملک بھر میں قائم ہوچکی ہے ، عوام کی مشکلات کی کسی کو پروا نہیں ہے ، وزیر اعلی پنجاب خاموشی تماشائی ہیں،پنجاب میں تو ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے ، ایک شعبہ میںبھی حکومت کی کارکردگی اچھی نہیں ہے ، عوام اس حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔