استنبول(این این آئی) ترک صدر نے ملک میں تیار کردہ بجلی سے چلنے والی گاڑی کے ایک ماڈل کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔ استنبول میں منعقدہ اس تقریب میں صدر ایردوآن نے کہا کہ ترکی کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ ترک صدر ملک میں کار سازی کی صنعت کو فروغ دینے کی کوششوں میں ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے بجلی سے چلنے والی پانچ گاڑیاں متعارف کرائیں، جن کی پیداوار 2022 سے شروع کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق کار سازی کے اس منصوبے میں انقرہ حکومت مالی تعاون بھی کرے گی۔ صدر ایردوآن نے 2035 تک تیس ہزار الیکٹرک گاڑیاں تیار کرانے کا عندیہ بھی دیا۔دوسری جانب ترکی اردو کے مطابق پروجیکٹ 2 سال پہلے لانچ کیا گیا، 100 ترک انجینئرز نےحصہ لیا۔ یورپ کی پہلی الیکٹرک گاڑی جو ڈیزائن، پرفارمنس اور قیمت میں بہترین ہے۔ 2 مختلف انجن کی حامل یہ گاڑی 30 منٹ سےکم میں چارج ہوگی، 500 کلومیٹر تک چلےگی۔