اسلام آباد(آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ تاجروں کا اندراج محکمہ ٹیکس میں کروانے اور ان کے مسائل دور کرنے کے لیے ملک بھر میں کمیٹیوں کے قیام کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری کردیا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ تاجروں اور ایف بی آر کے مابین گزشتہ ماہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے
تحت کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔کمیٹیوں کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر چھوٹے بڑے شہروں کی ہر مارکیٹ میں ایک کمیٹی مقرر کرے گا، جس میں مارکیٹ کے 2 نمائندے اور محکمہ ٹیکس کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں کے قیام سے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے اور تنازعات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔