کراچی(این این آئی)حکومت نے 15 ہفتوں میں 287 ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کیے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ساڑھے تین ماہ کے دوران حکومت کی طرف سے 286 ارب 98 کروڑ روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کیے گئے جو اقتصادی ماہرین کے مطابق مہنگائی کی ایک بہت بڑی وجہ ہے تاہم وزیر اعظم مہنگائی کا ملبہ بھی حسب معمول سابقہ حکومت پر ڈال کر بری الزمہ ہو گئے۔جولائی سے اکتوبر کے وسط تک نئے
نوٹوں کے اجرا کے باعث مارکیٹ میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت 287 ارب 7 کروڑ روپے کے اضافے سے 56 کھرب 6 ارب 5 کروڑ 46 لاکھ روپے ہو گئی، اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومت آمدنی بڑھانے اور اخراجات کو کنٹرول کرنے کی بجائے نئے نوٹ چھاپنا شروع کر دیتی ہے، اس کا نتیجہ عوام کو مہنگائی کی شکل میں بھگتنا پڑتا ہے۔یاد رہے پی ٹی آئی حکومت کے پہلے مالی سال کے دوران بھی 629 ارب 67 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے تھے۔