ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو کے حصص کی سعودی اسٹاک مارکیٹ (تداول)کے ذریعے ابتدائی فروخت کے لیے اداروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔اس کو اداروں کے لیے مختص حصص کی مد میں 64 ارب ریال(17.1ارب ڈالر) رقم وصول ہوئی ہے۔اس طرح اس مد میں حصص کی رقم پوری ہوگئی ہے۔بنک ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایاکہ پرچون حصص کی مد میں دس ریال وصول ہوئے ۔ ایک بنکار کے مطابق 20 نومبر تک اداروں کا حصہ
مکمل ہوچکا ہے۔ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے چار دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ چھوٹے سرمایہ کار28 نومبر تک حصص کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔حصص کی فروخت کا عمل 17نومبر کو شروع ہوا تھا۔سعودی آرامکو تداول کے ذریعے اپنے ڈیڑھ فی صد حصص فروخت کے لیے پیش کررہی ہے جبکہ نصف فی صد حصص چھوٹے یا انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔باقی حصص ادارہ جاتی سرمایہ کاروں جیسے بنکوں اور خود مختار مالیاتی اداروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔