فیصل آباد( آن لائن )ملک کی مجموعی برآمدات کاحجم 27.22ارب ڈالر ، ٹیکسٹائل سیکٹر کا حصہ 14 ارب ڈالر اور فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کا حصہ 7ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس سے فیصل آباد شہر کی صنعتی،کاروباری ، تجارتی، اقتصادی ، معاشی اہمیت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتاہے لہذا اگر فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بجلی و گیس کی ہفتہ کے ساتوں روز مسلسل سپلائی جاری رکھی جائے تو مذکور ہ حصے میں اضافہ سمیت مجموعی ملکی برآمدات کا حجم بھی بڑھایا جاسکتاہے۔
پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاکہ پی ٹی ای اے صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کر رہی ہے جبکہ حکومت اور صنعتی ، کاروباری و تاجر برادری کے درمیان خلیج کو پر کرنے کے لئے بھی مربوط کو ششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف طویل اور سنگین بحرانوں کے باوجود مقامی صنعت نے نہ صرف اپنے وجود کو برقرار رکھا بلکہ قومی معیشت کو سنبھالا دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔