طرابلس(این این آئی)لیبیا کے شہر البیضا میں مرکزی بینک کی شاخ کے ایک ذمے دار نے بتایا ہے کہ طرابلس میں وفاق کی حکومت کے زیر انتظام صدارتی کونسل ایک غیر ملکی فریق کے ساتھ ڈیل کی تیاری کر رہی ہے۔ اس ڈیل کا مقصد لیبیا کے سونے کے محفوظ ذخائر کو ایک غیر ملکی فریق کو فروخت کرنا ہے تا کہ طرابلس کے معرکے کی قیادت کرنے والی مسلح ملیشیاں کی فنڈنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اور وفاق کی حکومت کے مفاد اور اس کی بقا کا تحفظ کیا جا سکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق رواں سال جولائی میں ورلڈ گولڈ کونسل کی جانب سے جاری اعداد و شمارمیں کہاگیاکہ لیبیا کے پاس سونے کے محفوظ ذخائر کا حجم 116.6 ٹن ہے جو ملکی زر مبادلہ کا 5.3% بنتا ہے۔ سونے کے محفوظ ذخائر کے لحاظ سے لیبیا دنیا میں 32 ویں، افریقا میں تیسری اور عرب دنیا میں چوتھی پوزیشن پر ہے۔