اسلام آباد(آن لائن) پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، معیشت کو دستاویزی شکل دے کر پاکستان دنیا کی 20 بڑی معاشی طاقتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹیکروو نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا حجم 300 ارب ڈالر سے زیادہ ہے تاہم 80 فیصد معیشت غیر دستاویزی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دینے کیلئے کئے جانیوالے حالیہ حکومتی اقدامات سے وقتی طور پر مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں کمی ہو سکتی ہے تاہم مستقبل میں ان اقدامات سے
اقتصادی خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے جلد ہی پاکستان عالمی اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیگا۔ انہوں نے کہا اٹلی کے سرمایہ کار اپنے پاکستانی شراکت داروں کیساتھ مل کر کئی شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور معیشت کو دستاویزی شکل دے کر جلد ہی پاکستان دنیا کی 20 بڑی معاشی طاقتوں میں شامل ہو جائیگا۔