اسلام آباد( این این آئی )اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس آج( بدھ ) کومنعقدہوگا۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر او ایم سی، ڈیلرز مارجن پر نظرثانی اوربحری جہازوں کی درآمد کو جی ایس ٹی اور کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کی سمری بھی شامل ہے۔پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 25 پیسے، پیٹرول پر ڈیلرز مارجن میں 34 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 29 پیسے
فی لیٹر بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔بحری جہازوں کی درآمد کو جی ایس ٹی اور کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کی سمری پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے واپڈا پر 1 ارب روپے سے زائد واجبات اور حبیب اللہ کوسٹل پاور کمپنی کو گیس فراہمی کی سمری پیش کی جائے گی۔ای سی سی اجلاس میں چھابڑو اور گندان واری فیلڈز سے سوئی سدرن کو گیس فراہمی کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وزارت صحت اور انسانی حقوق کو ضمنی گرانٹ فراہمی کی سمریاں ایجنڈے میں شامل ہے۔