اسلام آباد ( این این آئی)وزیر اعظم کی کابینہ ٹیم نے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کی کوششیں تیز کر دیں ،معاون خصوصی زلفی بخاری نے پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں سے رابطوں میں کامیابی حاصل کرلی ،پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کار پاکستان میں 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں و تاجروں کا گروپ آئندہ ماہ پاکستان آئے گا۔ ذرائع کے مطابق سرمایہ کاروں کے گروپ میں سات بڑے امریکی تاجر اور سرمایہ کار ہوں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ امریکی گروپ ادویہ سازی ،سستے گھروںاور سیاحت کے شعبوں
میں سرمایہ کاری کرے گا ذرائع کے مطابق امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی کاپاکستان میں 100 ملین ڈالر کا ادویات پلانٹ لگانے کامنصوبہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق فارما سیوٹیکل کمپنی پاکستان میں کینسر کی ادویات کا پلانٹ لگائے گی۔ ذرائع کے مطابق گروپ ہوریزن ہوٹل پاکستان میں سو سے ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔ ذرائع کے مطابق تعمیراتی گروپ سست گھروں کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کرنے کی پیش کش کرے گا، سرمایہ کاروں کا گروپ چار دن کے قیام کرے گا، وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا سرمایہ کاروں کا گروپ حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔