لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے باعث قوت خرید نہ ہونے کی وجہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال عید الفطر پر خریداری کے رجحان میں 40فیصد تک کمی دیکھی گئی ، ملبوسات سمیت دیگر مصنوعات کی فروخت نہ ہونے سے تاجروں پر ادائیگیوں کا بوجھ بڑھ گیا ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ چند ماہ کے دوران مہنگائی کی شدید لہر نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے اور ان کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس کے اثرات کاروبارپر بھی پڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ
سے قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے امسال 20 تا 25 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ سے خریداری کے رجحان میں کمی دیکھی گئی ۔بیشتر تاجروں کی جانب سے عید الفطر کیلئے پیشگی ملبوسات سمیت دیگر مصنوعات تیار کرائی گئی تھیں لیکن خریداری کے رجحان میں کمی کی وجہ سے مکمل فروخت نہیں ہونے سے ادائیگیوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30فیصد تک کمی کر کے انہیں کم از کم دو سال کیلئے منجمد کیا جائے۔