لاہور(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے زیرو ریٹنگ ریجیم ختم کرنے کی تجویز پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر عملدرآمد کی صورت میں برآمدات ،پیداوار اور سرمایہ کار ی پر شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔
مطالبہ ہے کہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر ان کے خدشات سے آگاہی حاصل کرے تاکہ بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ۔ ا ن خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم ساجد نے نارتھ اور سائوتھ سرکل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئر رہنما ریاض احمد، سعید خان ، اکبر ملک ، میجر (ر) اختر نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں انڈسٹری کو درپیش مشکلات اور رواں برس لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ زیر وریٹنگ ریجیم ختم کرنے کی تجویز سے پانچ انڈسٹریزبری طرح متاثر ہوں گی اور موجودہ حالات میں جب ہمیں برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے اس کے طرح کے تجربات کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں ۔اس فیصلے سے برآمدات میں 30فیصد کمی ہو گی اور ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ اس طرح کی پالیسیوں سے مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری بھی بری طرح متاثر ہوں گی جس کے نتیجے میں انڈسٹری بند ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کے پہلے ہی 200ارب کے ریفنڈز رکے ہوئے ہیں جو مزید مشکلات کا شکار ہوں گے جس سے برآمدات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ زیرو ریٹنگ ریجیم مشاورت کے بعد متعارف کرائی گئی تھی اس لئے اب بھی حکومت فی الفور مشاورت کا آغاز کرے اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ حکومت موجودہ حالات میں ایسا کوئی بھی اقدام اٹھانے سے گریز کرے گی جس سے برآمدی صنعت اور برآمدکنندگان کیلئے مشکلات میں اضافہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ریٹڈ سیکٹر کاملکی برآمدات میں 7فیصد حصہ ہے اور حکومتی فیصلے سے بڑے حجم کی حامل انڈسٹریز متاثر ہوں گی ۔