واشنگٹن(این این آئی) بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز کو مانیٹر کرنے والے او پی ایس گروپ کا کہنا ہے کہ فروری میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگے کے بعد فضائی پابندی سیکڑوں کمرشل اور کارگو پروازوں کو متاثر کر رہی ہے۔اس حوالے سے ’پاکستان کی فضائی حدود کی پابندی کا کوئی خاتمہ نہیں ہوا‘
کے عنوان سے رپورٹ میں گروپ نے تخمینہ لگایا کہ فضائی حدود کی بندش سے یومیہ تقریباََ 350 پروازیں متاثر ہورہی ہیں۔واضح رہے کہ او پی ایس گروپ کی جانب سے حساب انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کو استعمال کرتے ہوئے لگایا گیا۔اس سے قبل غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی جانب سے بنائے گئے ریجنل فلائٹس کے نقشے میں بتایا گیا تھا کہ پابندی سے یورپ میں 4 اور جنوب مشرقی ایشیا میں 4 ایئرپورٹس کے درمیان کم از کم 311 پروازیں متاثر ہورہی ہیں۔خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے فروری کے آخر میں شمالی پاکستان کے حصوں میں فضائی حملوں کی کوشش کے بعد سے پاکستان نے اپنی فضائی حدود کو محدود کردیا تھا، ان پابندیوں میں سے زیادہ تر فروری سے نافذ ہیں جو کم از کم 15 مئی تک موثر رہیں گی۔