لاہور(این این آئی ) صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ایکسپوسینٹر جوہر ٹاؤن میں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے زیراہتمام میگالان نمائش کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد نمائش میں لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا اور یہاں رکھی گئی مصنوعات کے معیار کو سراہا۔
صوبائی وزیرنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں شاندار نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے مینوفیکچررزکو اپنی مصنوعات کی نمائش کے لئے یہ فورم فراہم کیا ہے۔ نمائش میں فیصل آباد میں تیار ہونے والی مصنوعات رکھی گئی ہیں اور جن کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی آرہی ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی قومی معیشت فروغ پائے گی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں تیار ہونے والے کپڑے کا برانڈ دنیا بھر میں مشہور ہے اور ہمیں اس برانڈ پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لئے شاندار پیکج دیا ہے جس کی بدولت ٹیکسٹائل کی مصنوعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور اس صنعت کی بحالی کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ آئندہ تین سالوں میں کاٹیج انڈسٹری کو پنجاب کے تمام اضلاع میں اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیں گے۔ ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر اور دیگر عہدیداران اور صنعت کار بھی اس موقع پر موجود تھے۔