لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے اور انڈسٹریل سیکٹر کے فروغ کے لئے موثر حکمت عملی طے کر لی ہے،کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،صنعت کاروں اور
تاجروں کو قومی معیشت کی مضبوط میں اپنا کردار ادا کرنا ہے،حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی،پنجاب سمال ریگولیشنز ایکٹ کی تیاری میں کا کام تیز رفتار ی سے جاری ہے اور پنجاب حکومت کا یہ تاریخی اور منفرد اقدام ہو گا جس سے فرسودہ اور غیر ضروری قوانین کا خاتمہ ہو گا۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن ،بناسپتی،مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور دیگر تاجر تنظیموں سے بھی ملاقات کی۔رمضان پیکج کے حوالے سے مشاورت کی۔سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے بھی صوبائی وزیر سے ملاقات کی اورسرگودھا کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے ملاقات کے دوران یقین دلایا کہ ان جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور ان کی مشاورت سے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔