ریاض(این این آئی)سعودی عرب اور دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والی کمپنی آرامکو نے سعودی بنیادی صنعتی کارپوریشن (سابک) کے 70 فی صد حصص خرید کر نے کی تصدیق کردی ہے اور وہ مملکت کے خود مختار سرمایہ کاری فنڈ کو اس مقصد کے لیے69 ارب 10 کروڑ ڈالرز کی رقم ادا کرے گی۔اس ڈیل کے حوالے سے گذشتہ کئی ماہ سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں اور آرامکو اور
سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ ( پی آئی ایف) کے درمیان اس سلسلے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سابک کے صدر دفاتر دارالحکومت الریاض میں واقع ہیں۔اس کا کاروبار دنیا کے پچاس سے زیادہ ممالک میں پھیلا ہوا ہے اور اس کے تینتیس ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں۔2018ء میں اس کمپنی کے مختلف کاروباری یونٹوں سے کل پیداوار ساڑھے سات کروڑ(75 ملین) میٹرک ٹن ہو چکی تھی۔اس کی خالص آمدن پانچ ارب ستر کروڑ ڈالرز تھی۔اس کی سالانہ فروخت پینتالیس ار ب ڈالرز ہوچکی تھی اور اس کے کل اثاثوں کی مالیت پچاسی ار ب ڈالرز ہے۔سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کے نگران یاسر بن عثمان الرمیان کے مطابق یہ سود ا تمام فریقوں کے لیے سود مند ثابت ہوگا اور یہ سعودی عرب کے تینوں بڑے اقتصادی اداروں کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کا بھی سبب بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس سودے سے سعودی عرب کی معیشت اور آمدن کو ویڑن 2030ء کے مطابق متنوع بنانے میں بھی مدد ملے گی۔سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین حسن الناصر نے کہا کہ سابک کے حصول سے ان کی کمپنی کو تیل صاف کرنے اور پیٹرو کیمیکلز کے شعبے میں نمایاں ترقی حاصل ہو گی۔انھوں نے کہا کہ سابک اپنی افرادی قوت اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے دونوں کے لحاظ سے شاندار صلاحیتوں کی حامل ایک عالمی کمپنی ہے۔اس کے سعودی آرامکو کا حصہ بننے کے بعد ہم مسابقانہ
صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم کے قیام کی غرض سے کام کریں گے اور دنیا بھر میں اپنے صارفین کی توانائی اور کیمیکل مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کریں گے۔سابک کے حصص کی خریداری سعودی آرامکو کی تیل کو صاف کرنے اور کیمیکل مصنوعات کے کاروبار کو بڑھانے اور ترقی دینے
کی طویل المیعاد حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔اس حکمتِ عملی کا مقصد آرامکو کی دنیا بھر میں تیل کو صاف کرنے کی صلاحیت کو 2030ء تک انچاس لاکھ ( 4.9 ملین ) بیرل یومیہ سے اسّی لاکھ (8 ملین) بیرل یومیہ تک بڑھانا ہے اور یومیہ بیس سے تیس لاکھ ( 2 سے 3 ملین) بیرل تیل کو پیٹرو کیمیکل مصنوعات میں تبدیل کرنا ہے۔