اسلام آباد( آن لائن )رواں مالی سال کے دوران چین نے پاکستان میں 584 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی جس کے بعد گزشتہ 10 برسوں میں چین کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 5 ہزار954 اعشاریہ پانچ ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق اس وقت چین پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران چین نے اب تک پاکستان میں 584 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی ہے اورمالی سال کے اختتام پر اس میں مزید خاطرخواہ اضافہ کی توقع ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران چین نے پاکستان میں 1 ہزار812 اعشاریہ 6 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی تھی ۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2016-17، 2015-16 ، 2014-15 اور2013-14 میں چین نے پاکستان میں بالترتیب 1211.7 ، 1036.6، 319.1 اور695.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔اسی طرح مالی سال 2012-13، 2011-12، 2010-11 اور2009-10 میں چین نے پاکستان میں بالترتیب 90.6، 126.1، 47.4 اور3.6 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی تھی۔