اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اورایف پی سی سی آئی کے صدراتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دستکاری کی زوال پزیر صنعت کی سرپرستی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ
اگر اس صنعت کی سرپرستی کی جائے تو اس شعبے سے وابستہ لاکھوں خواتین کو با عزت روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو ترقی دینے سے دیہی عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، ملک زرمبادلہ کما ئے گا اور دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی میں بھی کمی آئے گی۔ دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ خواتین کے با اختیار ہونے سے معاشرے اور خاندان پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایک زمانہ میں دستکاری کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ رہنما یونائیٹڈ بزنس گروپ کا کہنا تھا کہ اب یہ شعبہ زوال کا شکار ہوچکا ہے جس کی وجوہات میں مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمت، قرضوں کی عدم فراہمی، آڑھتیوں کی لوٹ مار اور ارباب اختیار کی حوصلہ شکنی ہے ، جس نے اسے ناقابل تلاقی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دستکارے کے شعبے کو نقصان پہنچانے کی سب سے زیادہ ذمہ داری مڈل مین پر عائد ہوتی ہے جبکہ غریب دستکاروں کو انکے ظلم سے بچانے کیلئے کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی ہے، اس شعبہ میں پاکستان اور چین کے اشتراک سے نہ صرف بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی پر اجارہ داری بھی قائم کی جا سکتی ہے۔