لاہور(این این آئی ) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر سابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی کوئیٹہ چیمبرز آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے ڈالر پر انحصار کم کرکے روپے میں تجارت کرنے کے عزم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر پر انحصار کم کرکے روپے میں تجارت سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے
ہوئے کیا۔ افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ روپے میں تجارت کرنے سے روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ چین نے بھی پاکستان سے اپنی اپنی کرنسی میں تجارت کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے پاکستان کی زیادہ تر تجارت چین سے ہورہی ہے اس کے ساتھ ساتھ ہمسائیہ ممالک اور اسلامی ممالک سے بھی تجارت اپنی اپنی کرنسی میں کرنے کے معاہدے کیے جائیں تاکہ ڈالرپر انحصار ختم ہو اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ممکن ہو۔