اسلام آباد (آئی این پی)فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدرکریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ برٹش ائیرویز کی جانب سے دس سال بعد دوبارہ پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج بہتر ہو رہا ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم کے مشیر سید زولفقار عباس بخاری کو جاتا ہے۔
کریم عزیز ملک نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ برٹش ائیرویزکے بعد مزید کثیرالقومی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی جس سے معیشت مستحکم ہو گی۔ برٹش ائیرویز کی جانب سے پاکستان کو سرمایہ کاری اور کاروبار کے لئے محفوظ اور منافع بخش سمجھنا دنیا بھر کی سینکڑوں کمپنیوں کو پاکستان کے بارے میں اپنی سوچ بدلنے پر مجبور کر دے گاجس کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو جاتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔وزیر اعظم کے مشیر سید زولفقار عباس بخاری کی جانب سے دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے لئے ترسیلات کو آسان بنانے کے اقدامات خوش آئند ہیں۔ دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی قانونی زرائع سے تقریباً بیس ارب ڈالر سالانہ بھجواتے ہیں جبکہ پندرہ ارب ڈالر تک کی رقم غیر قانونی زرائع سے بھجوائی جاتی ہے جو اگر بینکوں کے زریعے بھجوائی جائے تو ملک کو کسی غیر ملکی قرضے کی ضرورت نہیں رہے گی۔