برمنگھم (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تاجر برادری کے وفد سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ تفصیلات کے مطابق فاروق حیدر نے تاجر برادری کے وفد کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ون ونڈوآپریشن سے سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے تعلیم، صحت، معدنیات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی
دعوت دی گئی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں ائیرپورٹ کی تعمیر میں شراکت کی دعوت دی گئی۔ گذشتہ دنوں برطانیہ میں کشمیر اوورسیز کمیشن کے زیر اہتمام سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل حل کرنے اور دیگر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔ کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بورڈآف انویسٹمنٹ قائم کردیا، آزاد کشمیر میں بہتر سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔