کراچی (این این آئی)رئیل اسٹیٹ کا شعبہ جوکہ سرمایہ کاری کے لئے ملک کا سب سے زیادہ منافع فراہم کرنے والا شعبہ ہے اس پر حکومت کو سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ، اس ضمن میں اس سیکٹر کو صنعت کا درجہ قرار دیکر اس کی ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے نیز ملک کی یونیورسٹیوں میں ایم بی اے رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ تعلیمی پروگرام شروع کرایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار سٹی ایسوسی ایٹ کے سربراہ اور ڈی ایچ اے ٹوڈے ڈاٹ کام کے سی ای او محمد شفیع جاکوانی نے جمعہ کے روز محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو)کے پروگرام ایگزیکٹیو بریک فاسٹ میں رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کی گزشتہ چار دہایو ں کا جائیزہ کے موضوع پر بطور مہمان اسپیکر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ، ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر شجاعت مبارک، ڈائیریکٹر کیو ای سی ، ڈاکٹر منیر حسین ،شعبہ جاتی سربراہان ڈاکٹر عزیز الرحمان سیفی،ڈاکٹر ایس ایم نعمان شاہ اور آصف ناجی کے علاوہ یونیورسٹی کی بزنس ایڈمنسٹریشن و سوشل سائینسز کے اساتذہ ایک بڑی تعداد میں موجود تھے۔محمد شفیع جاکوانی نے اپنے خطاب میں بتا یا کہ 1980 سے2016 تک اس شعبہ پر کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ اس عرصہ میں سونے کی ایک اونس قیمت میں 41 گنا،اسٹاک مارکیٹ میں 42گنا جبکہ صرف ڈیفنس سوسائیٹی کے فیز آٹھ کے پلاٹوں کی قیمتوں میں چار ہزار گنا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ڈی ایچ اے، کلفٹن اور بحریہ ٹاون میں پلاٹ خریدنے والے افراد نے اپنی سرمایہ کاری پربے پناہ فائیدہ اٹھایا ہے،ڈیفنس سوسائیٹی میں 1980 زمین کی قیمت بہت کم تھی تیس ہزار روپے میں پانچ سو مربع گز کا پلاٹ مل جاتا تھا لیکن کراچی میں امن عامہ کی خراب صورتحال کی وجہ سے ڈی ایچ اے کے پلاٹوں کی قیمتوں میں بہت تیزی سے اضافہ ہوااور2015 تک ان کی قیمتیں کر وڑوں میں پہنچ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح جب سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کا اعلان ہوا تو لوگوں نے وہاں بڑی تعداد میں سرمایہ کاری کی اور ایک وقت ایسا آیا کہ 19 لاکھ کا خریدا ہوا پلاٹ دو کروڑ روپے تک میں فروخت ہوا۔انہوں بتایا کہ جب 2013 میں سپر ہائی وے پر بحریہ ٹاون کا اعلان ہوا تو ڈیڑھ لاکھ افراد نے اس کی ممبر شپ لی جس کا انھیں بے حد منافع ملا لیکن تھرڈ پارٹی خریدار کو زیادہ فائیدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک اندازہ کے مطابق بحریہ ٹاون کی انتظامیہ نے گزشتہ پانچ سال میں تین ہزار ارب روپے سے زائید منافع کمایا ہے۔محمد شفیع جاکوانی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 1986 میں اعلان کئے جانے والے ویلیو ایڈیشن ٹیبل کو ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ایک کروڑ کی جائیداد کی قیمت 30 لاکھ لکھی جاتی ہے جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔انہوں کہا کہ بہر حال ایف بی آر کی جانب سے 2016 میں بنایا جانے والا ویلیو ایڈیشن ٹیبل قدرے بہتر ہے۔
اور مارکیٹ ریٹ کے تقاضوں کے قریب ہے۔لیکچر کے اختتام پر ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے مہمان اسپیکر کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے سٹی ایسوسی ایٹ کے اشتراک کار سے ایم بی اے رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کے نصاب کی تیاری کا کام شروع کردیا جائے گا ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان میں کسی بھی یونیورسٹی کی جانب سے شروع کیا جانے والا اپنی نوعیت کا یہ پہلا تعلیمی پروگرام ہوگا۔