اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلیا کا پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کا فیصلہ ، آسٹریلو ی حکومت نے اقدامات شروع کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کوپسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے آسٹریلوی حکومت نے اقدامات شرو ع کر دئیے ہیں، یہ بات آسٹریلوی محکمہ امور خارجہ و تجارت کے حکام نے پاک آسٹریلیا مشترکہ
تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی وفدسے گفتگو کے دوران کہی ہے۔ پاک آسٹریلیا مشترکہ تجارتی کمیٹی کا ساتواں اجلاس آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں منعقدہوا جس میں وفاقی سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ آسٹریلیاکی جانب سے حکام آسٹریلوی محکمہ امور خارجہ و تجارت کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری مس کیتھی کلوگمان کی قیادت میں شریک ہوئے۔ا جلاس کے دوران پاکستانی مصنوعات کی آسٹریلوی فیکٹریوں تک رسائی، پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں اور کاروباری ویزے جیسے وسیع سطح کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ نے سی پیک کے تناظر میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں اور پاکستانی برآمد کنندگان کو آسٹریلوی قوانین کی وجہ سے مشکلات بارے آسٹریلوی حکام کو آگاہ کیا اور مساویانہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یونس ڈھاگہ نے دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ کی بھی تجویز پیش کی جس پر آسٹریلوی حکام نے تسلیم کیا کہ پاکستانی مصنوعات کی آسٹریلوی منڈیوں میں غیر مقبولیت غیر مساویانہ تجارتی طرز عمل کا نتیجہ ہے ۔ آسٹریلوی حکام نے اس موقع پر پاکستانی وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلیا پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے لئے اقدامات کر رہا ہے جبکہ آسٹریلوی حکام
نے منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کو مساویانہ تجارتی طرز عمل کیلئے ایک رسمی معاہدہ کے تحت تجارتی سہولیات فراہم کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا ۔ ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات کی آسٹریلوی منڈیوں تک رسائی کے معاملے پر آسٹریلوی وزیر نے پاکستانی وفد کو مثبت اقدامات سامنے لانے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔