اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز تحریک لبیک کے فیض آباد میں جاری دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعد پورے ملک کے طول و عرض پر پھیلنے والے احتجاج اور مظاہروں کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو 50 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز شہر کی 80 فیصد ہول سیل مارکیٹیں بند رہیں، اس کے علاوہ مختلف شہروں میں داخلی اور خارجی
راستے بند ہونے کی وجہ سے تمام ملکی منڈیاں شدید متاثر ہوئیں۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز نے کہا کہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ملکی معیشت کو 50 ارب روپے کا بڑا نقصان ہوا ہے، حکومت کو چاہیے تھا کہ تحریک لبیک کے دھرنے کا پرامن حل نکالتے تا کہ ملکی معیشت کنٹرول میں رہتی اور دھرنے اور آپریشن کی وجہ سے ملک میں کشیدگی پیدا نہ ہوتی اور قیمتی جانوں کا ضیاع بھی نہ ہوتا۔