اسلام آباد(آئی این پی)وزارت خزانہ نے بجٹ خساروں کو کنٹرول کرنے کے لئے گزشتہ 8سالوں میں797ارب روپے کے سرکاری اخراجات کو شماریاتی غلطیوں میں شامل کرکے انہیں گمنام خرچے قرار دیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ میں وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور موجودہ حکومت کے دور میں 797 ارب روپے ایسی مد میں خرچ کئے گئے ہیں جن کی کوئی وضاحت یا نشاندہی نہیں کی گئی اوراسے بجٹ خسارے کا حصہ بھی نہیں بنایا گیا ہے۔
۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے 9ماہ میں8 ارب 80 کروڑ روپے کو شماریاتی غلطی قرار دیا گیا جبکہ مالی سال16-2015 میں سب سے زیادہ212 ارب روپے کے اخراجات کو شماریاتی غلطی قرار دیاگیا تھا۔اس کے علاوہ مالی سال15-2014 میں 177 ارب روپے، مالی سال14-2013 میں 215ارب روپے،مالی سال13-2012 میں16 ارب روپے،مالی سال12-2011 میں 70 ارب روپے ،مالی سال 11-2010 میں32 ارب روپے کو شماریاتی غلطی قرار دیا گیا ہے۔