لاہور ( این این آئی)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے زراعت اور لائیو سٹاک کے لئے انقلابی حکمت عملی مرتب کرلی ہے ،پنجاب بھرمیں چھوٹے اوربڑے جانوروں میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل نرسانڈ کے ذریعے قدرتی ملاپ سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے منصوبہ پر 1644.128ملین روپے خرچ کئے جائیں گے، اس دوسالہ منصوبے کے تحت پنجاب بھرمیں گائے،بھینسوں اوربھیڑبکریوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے اچھی نسل کے نرسانڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس طرح صوبہ بھرمیں گوشت کی پیداواربڑھانے کے لیے 561.507ملین روپے کے تین سالہ منصوبہ کوزیرعمل لانے کے لیے منظورکیاگیاجس سے پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیراعلیٰ کسان پیکج کے ذریعے اب 45ہزار کی بجائے 90ہزارکٹڑے فربہ کئے جائیں گے جس کے ذریعے مویشی پال حضرات کو چھوٹے کٹڑوں کے لیے 6500اوربڑے کٹڑوں کی افزائش کے لیے 4000روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ کٹڑوں کی شرح اموات میں کمی اورگوشت کی پیداوارمیں انقلابی اضافہ کیاجاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی میٹنگ میں 1320.5ملین روپے کی لاگت سے تیسرے منصوبے میں جانوروں میں جامع حکمت عملی کے تحت حفاظتی ٹیکہ جات اورڈی ورمنگ کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے تحت تمام لائیوسٹاک فارمز کے اردگرد دو دو یونین کونسلز اورہرتحصیل کی سطح پر ایک ایک یونین کونسل کو ڈیزیز کنٹرول زون بنایاجارہاہے۔ ان تمام ڈیزیزفری زونز میں جانوروں میں100فیصد حفاظتی ٹیکہ جات اورڈی ورمنگ کے ذریعے ممکنہ بیماریوں پرقابوپایاجاسکے گا۔
ان منصوبہ جات کے زیرعمل آنے سے جانوروں کی صحت میں بہتری اورپیداوارمیں اضافہ ہوگا۔ ای کارڈز کے ذریعے صوبہ پنجاب کے پانچ لاکھ کاشتکار و مزارعین 25ہزار روپے ربیع اور 40ہزار روپے خریف کے سیزن کے لئے بلاسود قرض حاصل کرسکیں گے۔ اس سکیم سے مستفید ہونے والے کاشتکاروں کو 2500سے 4200روپے فی ایکڑ اضافی آمدن ہوگی اور جی ڈی پی میں 7ارب روپے سے 12ارب تک کا اضافہ ہو گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں ، پنجاب بھر کے کسانوں کے چہروں اب مسکراہٹ ہے اس سکیم سے وہ اپنا ذریعہ معاش بہتر انداز میں چلا سکیں گے ، کسان بہت محنت کرکے اپنا نظام زندگی چلاتا ہے اس کی زندگی کٹھن اور مشکل مراحل سے بھری پڑی ہے ایسے میں اگر اس کی مالی مشکلات کم کرنے کے لئے کوئی ذریعہ میسر آجائے تو زیادہ لگن اور محنت سے کام کرے گا جس سے اس کی زرعی اجناس بہتر ہوگی اور اس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا ۔
حکومت پنجاب نے کسان کو مالی مشکلات سے نجات دلانے کے لئے یہ سکیم متعارف کرائی ہے ۔ حکومت پنجاب ہر شعبہ میں اصلاحات لارہی ہے جس سے ان شعبوں کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے ۔ ٹنل فارمنگ سے کسان کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے اس کی ہر سطح پرحوصلہ افزائی کریں گے ،تیل دار اجناس پر کسان توجہ دیں ، ضرورت کی وجہ سے کینولا در آمد کرنا پڑ رہا ہے۔
حکومت نے کسان کو مالی مشکلات سے نجات دلانے کے لئے سکیم متعارف کرا دی، رانا بابرحسین
23
نومبر 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں