اسلام آباد( آن لائن ) صوبہ سندھ ملک میں گیس جب کہ خیبر پختونخوا تیل کی پیداوار میں پہلے نمبر پر آگیا۔ ملک بھر میں تیل کی 3 کروڑ16 لاکھ بیرل سے زائد کی پیداوار ہو رہی ہے جس میں کے پی کے 50 فیصد تیل کی پیداوار والا صوبہ ہے، سندھ 32.53فیصد، پنجاب 17.27 فیصد اور بلوچستان سے 0.12فیصد تیل کی پیداوار ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک میں گیس کی مجموعی پیداوار 14 لاکھ 81ہزار سے زائد ایم ایم سی ایف ڈی ہے جس میں سندھ 65.97 فیصد گیس پیدا کر کے سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر بلوچستان آتا ہے جہاں سے 21 فیصد سے زائد گیس پیدا ہو رہی ہے،کے پی کے میں 9.40فیصد جبکہ پنجاب سے صرف 3.55فیصد گیس پیدا ہو رہی ہے۔ دستاویزات کے مطابق رواں سال جون تک 986 کنویں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے کھودے گئے جن میں سے77 کنوؤں سے تیل کی برآمد ہوئی ہے جبکہ 268 کنوؤں سے گیس کی دریافت ہوئی جس سے ملک کا قیمتی غیر ملکی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملی۔