اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (این ٹی آر آئی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ سیار حمید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 66 ہزار ہیکٹر رقبہ پر چائے کاشت کی جاسکتی ہے ۔منگل کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں مانسہرہ ‘ بٹگرام ‘ سوات اور اپر دیر چائے کی کاشت کاری کے لئے انتہائی موزوں ہیں جہاں پر 64 ہزار ہیکٹر رقبہ پر چائے کاشت کی جاسکتی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی 2ہزار ہیکٹر رقبہ چائے کی کاشتکاری کے لئے موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر آئی کے تحت مختلف مقامات پر چائے کی کاشتکاری کے حوالے سے کاشتکاروں کی معاونت کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ سال 2015ء کے دوران پاکستان نے 31ارب روپے کی چائے اور 100ملین روپے کی سبز چائے درآمد کی تھی۔ چائے کی قومی پیداوار کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت میں مدد ملے گی۔