اسلام آباد (این این آئی)متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں نے 19.9 ارب ڈالر کا خطیر زرمبادلہ پاکستان بھیجا ہے جو مالی سال 2016ء کے ہدف سے زائد ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق مالی سال 2016ء میں ششماہی بنیادوں پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 6 ارب ڈالر کی رقوم ملک میں بھیجوائی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات سے 4.36 ارب ڈالر کی رقوم بھیجی گئیں۔ حکومت پاکستان نے مالی سال 2016ء میں ترسیلات زر کا 19 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا تھا۔ مالی سال 2015ء میں ترسیلات زر کا حجم 18.72 ارب ڈالر تھا۔ مالی سال 2017ء کیلئے 10 فیصد زائد ترسیلات زر کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت غیر ملکی ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے۔ خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ان ممالک کی ترقی کے ساتھ ساتھ قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجتی ہے۔