اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان نائیجریا کو 10سپر مشاق طیارے فراہم کرے گا،دفاعی معاہدے کیلئے لیٹر آف کریڈٹ کو ستمبر تک حتمی شکل دی جائے گی،نائیجریا کو سپر مشاق طیاروں کی فراہمی رواں سال شروع ہوکر آئندہ سال مکمل ہوجائے گی،نائیجریا سپر مشاق طیارے استعمال کرنے والا چھٹا ملک بن جائے گا،اس سے قبل سعودی عرب،ایران،شام،اومان اور جنوبی افریقہ سپر مشاق طیارے استعمال کر رہے ہیں۔اتوار کو میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نائجیریا کو سپر مشاق طیارے فراہم کرے گا اس سلسلے میں معاہدے کیلئے لیٹر آف کریڈٹ کو ستمبر تک حتمی شکل دی جائے گی۔ طیاروں کی فروخت تقریباً ایک ارب 25 کروڑ 74 لاکھ روپے کے عوض کی جائیگی۔ ایک سپر مشاق طیارے پر لاگت کا تخمینہ 12 کروڑ 58 لاکھ روپے ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نائجیریا معاہدہ رواں سال کے اوائل میں طے ہوا۔ سپر مشاق طیارو ں کی فراہمی رواں سال شروع ہو گی اور آئندہ سال تک مکمل کر لی جائے گی۔ پاک فضائیہ کے پائلٹ نائجیرین ہوا بازوں کوتربیت فراہم کرینگے۔ طیارے نائجیرین فضائیہ کے 301 ہوا بازی تربیتی سکول کڈونا کا حصہ ہوں گے۔ نائجیریا سپر مشاق طیارے استعمال کرنے والا چھٹا ملک بن جائیگا ۔ اس سے قبل سعودی عرب ‘ ایران ‘ شام ‘ اومان اور جنوبی افریقہ بھی سپر مشاق طیارے استعمال کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایرونائیٹیکل کمپلیکس کامرہ دنیا کی جدید طیارہ ساز صنعت کے طو رپر ابھری ہے۔ پاکستان 1995ء سے اب تک 60 سے زائد سپر مشاق طیارے فروخت کر چکا ہے ۔ تربیتی لحاظ سے سپر مشاق طیاروں کا شمار دنیا کے بہترین طیاروں میں ہوتا ہے۔ ۔۔۔(رانا)