اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ نے توانائی کے منصوبوں کے لئے لمبی مدت کے لئے 82 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری اب تک ملک میں توانائی کے شعبہ کے کسی ایک منصوبہ پر کی جانے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے جبکہ اس سے قبل کسی ایک شعبہ پر ملکی بینکوں کی طرف سے تقریباً 27 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ ملکی بینکوں کے اس اقدام سے توقع ہے کہ ملک میں توانائی کے شعبہ کے مسائل کے خاتمے میں مدد ملے گی جبکہ مقامی مالیاتی اداروں کی جانب سے توانائی کے شعبہ میں کی جانی والی بڑی سرمایہ کاری کے نتیجے میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور اس سے ملک کے جی ڈی پی پر بھی مجموعی طور پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔