لاہور(نیوز ڈیسک ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے نمک کی سپلائی بحال کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپلائی نہ ہونے سے کیمیکل سمیت بہت سی ایسی صنعتیں بند ہو جائینگی جن میں نمک بطور خام مال استعمال ہوتا ہے لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے فوری طور پر نمک کی سپلائی بحال کرنے کےلئے اقدامات نہ اٹھائے تو لاکھوں افراد بےروزگار ہو جائینگے ۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد حکومت کی جانب سے بارود فیکٹریوں کے لائسنس منسوخ کردینے سے نمک کی کان کنی کرنےوالے اداروں کو بارود کی سپلائی رک گئی جس کی وجہ سے نمک کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمک کیمیکل انڈسٹری کا بنیادی خام مال ہے اور مطلوبہ کیمیکل تیار نہ ہونے کی وجہ سے صابن، گھی اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر صنعتیں بہت ب±ری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے اور نمک کی سپلائی بحال کرنے کےلئے نجی شعبے کو مطلوبہ سہولیات مہیا کرے۔