اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان نے بین الاقوامی سطح پردوٹریلین ڈالرکی حلال فوڈآئٹمزکی مارکیٹ میں ڈی ایٹ ممالک کی کامیاب کانفرنس کے بعدبرآمدات بڑھانے کیلیے وزارت سائنس وٹیکنالوجی، وزارت فوڈ سیکورٹی اوراس سے متعلقہ اداروں کے ماہرین کوعالمی معیار کی تربیت دینے کافیصلہ کیاہے، جس میں ملک بھرسے سترکے قریب ماہرین شرکت کریں گے۔یہ تربیتی ورکشاپ پچیس مئی کواسلام آبادمیں منعقدہوگی۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس میں تربیت کے لیے جنوبی افریقہ سے ماہرین کومدعوکیا گیا ہے۔ یادرہے کہ کچھ ہفتے قبل وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے زیراہتمام ڈی ایٹ ممالک کی تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاتھاجس میںرکن ممالک کے مندوبین نے شرکت کی تھی۔ کانفرنس میں مشترکہ طورپرعالمی مارکیٹ میں تجارت بڑھانے کے لیے اقدامات کوبروئے کارلانے کافیصلہ کیاگیاتھا، یہ تربیتی ورکشاپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔حلال فوڈپراسسنگ زون کاچین پاکستان اقتصادی راہداری میں بھی اہم باب رکھاگیاہے،جس کو اکنامک زون میں اہم مقام دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق حلال فوڈآئٹمزکی برامدات بڑھانے کیلیے وزارت فوڈ سیکیورٹی بھی رواں سال کے اختتام تک بین الاقوامی ڈی ایٹ ممالک کی کانفرنس کے انعقادکےلئے اقدامات کررہی ہے جس کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے۔