کراچی (نیوز ڈیسک ) رقم منتقل کرنے کے لئے پاکستان رئیل ٹائم انٹربینک سیٹل منٹ میکانزم سہولت کا استعمال بڑھنے لگا ، پرزم نے تیسری سہ ماہی میں پانچ سو گیارہ کھرب کے سودے طے کرائے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پرزم کے ذریعے ایک لاکھ اٹھانوے ہزار سے زائد سودے نمٹائے گئے جو مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں پانچ فیصد زائد ہیں۔ تیسری سہ ماہی میں طے کئے گئے سودوں کی مالیت دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں اکیس فیصد زائد رہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ سے کئے گئے سودوں کا حجم دس جبکہ مالیت چھ فیصد زائد رہی۔ تاہم موبائل بینکاری کے حجم میں پندرہ فیصد کمی واقع ہوئی۔ اے ٹی ایم کے استعمال میں چھ فیصد جبکہ اے ٹی ایم نیٹ ورک نو ہزار تین سو بارہ تک پہنچ گیا۔ پلاسٹک کارڈ کی تعداد دو کروڑ پینسٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ موبائل اور کال سینٹر بینکاری کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد ایک کروڑ ستانوے لاکھ تک پہنچ گئی۔