کراچی(نیوز ڈیسک)بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے یو پی ایس اور جنریٹر کی افادیت کمی کے بعد سولر پینلز کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث شدید گرمی سے بچنے کے لئے بجلی کے متبادل ذرائع استعمال کرتے ہیں، ان میں یوپی ایس اور جنریٹرز کا کردار اہم ہے لیکن یہ دونوں بھی بجلی اور گیس کے محتاج ہیں اور جب بجلی اور گیس کا کال پڑا ہو تو گرمی سے کیسے بچا جائے۔ پاکستان میں اوسطاً 16 گھنٹے سورج کی روشنی موجود ہوتی ہے۔ماہرین کے مطابق شمسی توانائی کو استعمال کر کے پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں گھر کا ایک کمرہ روشن کرنے کے لیے سولر پینل کے سب سے چھوٹے سسٹم کو انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم الیکٹرک آلات کا استعمال زیادہ ہو تو اس سسٹم کو وسعت دینی پڑتی ہے۔ سولر سسٹم کے استعمال میں اضافے کے پیش نظر کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے آلات میں پنکھے، بلب اور روم کولر بھی دستیاب ہیں۔