کراچی(نیوزڈیسک )ایشیائی ترقیاتی بینک نے منگل کے روز پاکستان کے پاور سیکٹر کے لیے چھ ارب ڈالر قرض دینے کی منظوری دے دی۔بینک کی جانب سے مہیا کی جانے والی رقم جنوبی پاکستان میں 660 میگا واٹ کے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ میں استعمال کی جائے گی جبکہ فنڈز سے تعلیم، صحت اور ہائی وے بھی تعمیر کیے جائیں گے۔وزارت معاشی امور کے ایک اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی نے آئندہ پانچ سالوں کے دوران 6 ارب ڈالر فنڈز مہیا کرنے پر اتفاق کیا ہے جس سے بجلی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔660میگا واٹ پاور پلانٹ کے علاوہ فنڈز کو پن بجلی کے متعدد بند بنانے میں استعمال کی جائے گا جن سے 100 سے 300 میگا واٹ بجلی ملے گی۔امید کی جارہی ہے کہ پاکستانی معیشت آئندہ آنے والے سالوں کے دوران ترقی کرے گی۔ آئی ایم ایف کی پیشگوئی کے مطابق رواں مالی سال ملکی معیشت 4.1 فیصد بڑھے گی جبکہ اگلے سال یہ شرح 4.5 فیصد رہے گی۔دوسری جانب ‘اسٹینڈرڈ اینڈ پوور’ ایجنسی نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ‘مستحکم’ سے ‘مثبت’ کردی ہے۔تاہم ملک میں جاری بجلی بحران ابھی بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جہاں جون اور جولائی کی گرمیوں میں پاور شارٹ فال 4000 میگا واٹ سے بھی بڑھ جاتا ہے