اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میںزرعی قرضوں کی طلب میں اضافہ ہوگیا۔ وزیر خوراک کا کہنا ہے کہ حکومت زرعی قرضوں کے حجم میں اضافہ کرے تاکہ چھوٹے کسانوں کو بھی پیدوار بہتر بنانے کےلئے قرضے فراہم کئے جاسکیں۔وفاقی وزیر خوراک سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ زرعی ترقیاتی بینک ملک کے چھوٹے کسانوں کو 92فیصد قرضے فراہم کرتا ہے جبکہ باقی بینکس مڈل مین کو ترجیح دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ حکومت زرعی قرضوں کے حجم میں اضافہ کرے تاکہ کسانوں کی مشکلات کو کچھ کم کیا جاسکے۔ ادھر زرعی ترقیاتی بینک کے حکام نے کہا ہے کہ زرعی قرضوں کی طلب اور رسد میں 446ارب روپے کا فرق ہے۔