نیویارک(نیوز ڈیسک)ورلڈ بینک نے پاکستان کی معاشی کارگردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ سیاسی عدم استحکام اور توانائی بحران کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ عالمی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ سیاسی عدم استحکام، توانائی بحران اور گزشتہ برس ستمبر میں آنیوالے سیلاب کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے، جبکہ اقتصادی ترقی کے لیے ترسیلات زر اور برآمدات کو بڑھانا ہوگا۔ عالمی بینک کی رپورٹ ساﺅتھ ایشیا اکنامکس فوکس اسپرنگ کے مطابق عالمی سطح پرخام تیل کی قیمتوں میں کمی، آئی ایم ایف کے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد، زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں اضافے کے باعث رواں مالی سال پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہنا تھا کہ ملکی مینوفیکچرنگ، خدمات اور زراعت کے شعبے میں استحکام آیا، ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے، تاہم وہ اب بھی ہدف سے کم ہے، عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ملکی اقتصادی ترقی کو ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے ذریعے فروغ دیا جاسکتا ہے۔