اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) کراچی اسٹاک مارکیٹ گزشتہ ہفتے بھی شدید کاروباری اتار چڑھاﺅ کی زد میں رہی اور ایک ہفتہ کی ٹریڈنگ کے دوران34ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرجانیوالا انڈیکس کاروباری ہفتہ کے اختتام پر 33500 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔5کاروباری دنوں میں مارکیٹ کے سرمائے میں 3ارب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتہ کا آغاز مایوس کن ہوا انڈیکس پہلے دن34ہزار پوائنٹس کی بلند سطح عبور کر گیا لیکن اس سطح کو برقرا ر نہ رک سکا ۔اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتہ5کاروباری دنوں میں سے4دن مارکیٹ مندی کی زد میں رہی اور اس دوران انڈیکس جانے کے باوجود 505.3پوائنٹس تک گھٹ گیا جبکہ ایک دن رونما ہونیوالی تیزی کے سبب مارکیٹ میں 306پوائنٹس ریکور ہوئے ۔ماہرین کے مطابق آئندہ بجٹ میں ٹیکس پالیسی کے حوالے سے سرمایہ کار تذبذ ب کا شکار ہیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے باعث پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے ، نئے ٹریگر کی عدم موجودگی کی وجہ سے مارکیٹ تنزی کا شکار ہے اور بازار حصص کی سرگرمیاں میں منجمد پڑی ہیں ۔ماہرین کے مطابق انڈیکس34ہزار پوائنٹس کے قریب ہے اس لئے مارکیٹ تکنیکی درستگی کا شکار ہے تاہم نئی سرمایہ کاری اور بازار حصص میں منافع بخش حصص کی خریداری میں تیزی سے مارکیٹ بلندیوں کی نئی سطح کو چھو سکتی ہے ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیر تاجمعہ کے ایس ای 100انڈیکس میں199.66پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس 33729.96پوائنٹس سے کم ہوکر 33530.30پوائنٹس پر آگیا اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 131.40پوائنٹس کی کمی سے 21579.85پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس23588.90پوائنٹس سے گھٹ کر 23541.55پوائنٹس پر بند ہوا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 3ارب 28کروڑ50لاکھ93ہزار591روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ73کھرب 5ارب80کروڑ91لاکھ70ہزار152روپے سے کم ہوکر 73کھرب2ارب52کروڑ40لاکھ76ہزار561 روپے پر آگیا ۔گزشتہ ہفتہ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ21کروڑ46لاکھ 24ہزار حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو11ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین15کروڑ98لاکھ40ہزار حصص رہا اور اس دن ٹریڈنگ ویلیو8ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ مجموعی طور پر 1767کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے695کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ،982میں کمی اور90کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے بائیکو پیٹرولیم،کے الیکٹرک ،فوجی سیمنٹ اینگرو فرٹیلائزر،بینک آف پنجاب،پاک الیکٹرون،ٹی آر جی پاک،لوٹی کیمیکل سرفہرست رہے۔