کراچی(نیوز ڈیسک) عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں نمایاکمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 47ہزار روپے کی سطح سے گھٹ کر 46ہزار روپے کی سطح پر آگئی جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں6ڈالرکی کمی کے برعکس ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 350روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں24 ڈالر کی نمایاں کمی سے فی اونس سونا 1179ڈالر پر آگیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹ میں بھی سوناسستا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کو نسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 500روپے کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد ،لاہور،ملتان،فیصل آباد ،راولپنڈی ،اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 47ہزار روپے سے گھٹ کر 46ہزار500روپے ہوگئی اسی طرح 10گرام سونا428روپے کی کمی سے 39ہزار857روپے پر آگیا جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت 660روپے کی سطح پر بدستور مستحکم رہی۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیر تا ہفتہ کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں6ڈالر کی کمی واقع ہوئی جبکہ اسی مدت میں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 350روپے ،10گرام سونے کی قیمت میں 300روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔