کراچی(نیوز ڈیسک) سندھ کاآئندہ مالی سال 2015-16کا بجٹ 19جون کو سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائےگا۔وزیر خزانہ سندھ سیدمرادعلی شاہ صوبائی بجٹ پیش کریں گے۔وزارت خزانہ نے اس ضمن میں بجٹ کی تیاری کا آغاز کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ کے آئندہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کی مد میں مختص رقم میں 10فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے،آئندہ مالی سال کے لئے ترقیاتی بجٹ کا حجم 172 ارب روپے ہوگا۔کراچی میں وزیراعلی ہاﺅس میں منعقدہ صوبائی بجٹ کے جائزہ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کی مد میں مختص رقم میں 10فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جس کے بعد آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کا حجم 172ارب روپے ہوگا،مجوزہ صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میںبھی 10سے 15 فیصد اضافے کا بھی امکان ہے جبکہ رواں سال ستمبرمیں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے 2 ارب روپے بھی مختص کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں تعلیم، صحت اور امن وامان کا بجٹ بڑھائے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ کو ٹیکس فری بنانے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔آئندہ مالی سال کا بجٹ 19جون کو شام 4 بجے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،صوبائی وزیرخزانہ مراد علی شاہ بجٹ پیش کریں گے۔