اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ترجمان اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ کھاتے داروں کے تحفظ کی ذمہ داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، کے اے ایس بی بینک میں ڈیڑھ لاکھ کھاتے داروں کے ستاون ارب روپے داو¿ پر لگے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ کھاتے داروں کے تحفظ کی ذمہ داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ کے اے ایس بی بینک میں ڈیڑھ لاکھ کھاتے داروں کے ستاون ارب روپے داو¿ پر لگے ہیں، کے اے ایس بی بینک کو کسی کمزور سرمایہ کار کے حوالے نہیں کریں گے جبکہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ اسٹیٹ بینک کی سودے بازی کی باتیں افواہ پر مبنی ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے چیف ترجمان عابد قمر کا کہناہے کہ کے اے ایس بی بینک کے انضمام کیلئے چار بینکوں عسکری بینک،بینک اسلامی،سندھ بینک اور جے ایس بینک نے دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم بینک اسلامی کے سوا دیگر تینوں بینک انضمام کے قواعد کو پورا نہ کرسکے، کے ایس بی بینک کے بینک اسلامی میں انضمام کا معاملہ وزارت خزانہ کے پاس ہے اور وہاں سے منظوری آنے کے بعد ہی ان بینکوں کا انضمام مکمل ہوجائے گا۔عابد قمر نے کہا کہ ڈپازٹرز کے مفاد کا تحفظ کرنا اور بینکاری نظام کے استحکام کو یقینی بنانا بینک دولت پاکستان کے مینڈیٹ کا حصہ ہے ، بینکاری لائسنس کے اجرا کا مطلب کسی ادارے کو یہ اجازت دینا نہیں ہے کہ وہ عوام سے ڈپازٹس لے کر آگے قرض دینے میں استعمال کرے۔ #