اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں کسب بینک کے حصص کی ٹریڈنگ معطل کر دی ہے۔سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے کسب بنک کے حصص میں غیر معمولی لین دین کے مشاہدئے کے بعد کسب بنک کے حصص کی ٹریڈنگ معطل کر دی ہے۔ سرمایہ کاروں کے تمام حصص کی سیٹلمنٹ ان کے سب اکاو¿نٹ میں کر دی جائے گی۔ ایس ای سی پی کے مطابق یہ اقدام سرمایہ کاروں کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔گزشتہ دنوں کسب بنک لمیٹڈ کے حصص کے لین دین میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ابتدائی تحقیق پر معلوم ہوا کہ سٹاک مارکیٹ میں کسب بنک کی مینجمنٹ کے تبدیل ہونے کی خبر پھیلنے کے بعد اس کے حصص کی خرید و فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ اپریل انتیس کو بنک اسلامی پاکستان اور کسب بنک کی جانب سے دونوں بنکوں کے انضمام کا اعلان کیا گیا۔ اس اعلان کے مطابق اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے دونوں بنکوں کاانضمام کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے مطابق کسب بنک کے کل حصص کی ویلیو ایک ہزار روپے تجویز کی گئی ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر ایس ای سی پی نے سرمایہ داروں کے تحفظ کی خاطر کسب بنک کے حصص کے لین دین پر فوری طور پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی اور نیشنل کلئیر نگ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریڈ کئے گئے تمام حصص کی سیٹلمنٹ کر دی جائے۔